تبلیغ دین کےلیے محرم کے بغیر عورت کا سفر کرنا

سوال

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

سوال:

بہن نے سوال کیا ہے کہ جو بہنیں تبلیغ کا کام کرتی ہیں، انہیں کبھی کبھار دوسرے شہروں میں بغیر محرم بھی جانا پڑ جاتا ہے تو کیا دین کے کام کےلیے بغیر محرم مگر محرم کی اجازت کے ساتھ عورت سفر کرسکتی ہے؟

486 مناظر 0

جواب ( 1 )

  1. جواب:
    بہن دعوت وتبلیغ کا حکم اور اس کی ذمہ داری صرف مردوں کے ساتھ خاص نہیں، بلکہ عورتیں بھی اس میں شریک ہیں کیونکہ امربالمعروف ونہی عن المنکر کے حکم پر مبنی تمام نصوص میں عموم پایا جاتا ہے جو مرد اور عورتوں دونوں کو شامل ہیں، مگر دونوں کے دائرہ کار میں فرق ہے۔ عورت کا دائرہ یہ ہے کہ عورت صرف اور صرف عورتوں میں دعوت دین کا کام کرے۔ کیونکہ مردوں میں کام کرنے سے فتنے کا اندیشہ ہے۔

    باقی رہی یہ بات کہ محرم کی اجازت کے ساتھ محرم کے بغیر سفر کرنا تو یہ عورت کےلیے جائز نہیں۔ کیونکہ عورت کا اکیلے سفر کرنا ممنوع ہے۔ اسلام نے عورت کی عزت کی حفاظت اورعفت کے لیے سفر میں محرم کی شرط لگائی ہے، تا کہ وہ اسے غلط اورشہوانی قسم اورگری ہوئی اغراض کے لوگوں سے محفوظ رکھے اور عورت کی کمزوری پر سفرمیں معاونت کرے۔

    اس کی دلیل یہ ہے کہ ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

    لا تُسَافِرَنَّ امْرَأَةٌ إِلا وَمَعَهَا مَحْرَمٌ فَقَامَ رَجُلٌ فَقَالَ يَا رَسُولَ اللَّهِ اكْتُتِبْتُ فِي غَزْوَةِ كَذَا وَكَذَا وَخَرَجَتِ امْرَأَتِي حَاجَّةً قَالَ اذْهَبْ فَحُجَّ مَعَ امْرَأَتِكَ ‘‘۔ (بخاری:3006)
    کوئی بھی عورت محرم کےبغیر سفر نہ کرے، توایک شخص کھڑا ہوکر کہنے لگا اے اللہ تعالی کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں تو فلاں غزوہ میں جارہا ہوں اور میری بیوی حج پر جارہی ہے تونبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : تم اپنی بیوی کےساتھ حج پرجاؤ ۔‘‘

    اس حدیث سے دو باتوں پتہ چلتا ہے ایک یہ کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا اس صحابی کو جہاد چھوڑ کربیوی کے ساتھ جانے کا کہنا جو کہ سفر میں محرم کے وجوب پر دلالت کرتا ہے، اور دوسری یہ کہ اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہے کہ وہ صحابیہ رضی اللہ عنہا محرم کی اجازت کے بغیر تو نہیں جارہی ہونگی؟ کیونکہ یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ ایک صحابیہ رضی اللہ عنہا اپنے محرم کو بتائے بغیر اتنے لمبے سفر پہ جائے؟ لہٰذا ثابت ہوا کہ محرم کی اجازت کے ساتھ بھی عورت اکیلے سفر نہیں کرسکتی۔

    واللہ اعلم بالصواب

ایک جواب چھوڑیں