قربانی کرنا کس دن افضل ہے

سوال

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

سوال:

بہن نے سوال کیا ہے کہ قربانی کے دنوں میں سب سے افضل دن قربانی کاکونسا ہے؟

394 مناظر 0

جواب ( 1 )

  1. جواب:

    بہن! قربانی کے تمام دنوں میں 10 ذی الحج قربانی کےلیے افضل ترین دن ہے۔ جیسا کہ نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی دس ذی الحج کے دن قربانی کرنا ثابت ہے۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کایہ عمل دس ذی الحج کے دن قربانی کی فضیلت واستحباب پر دلالت کررہا ہے۔ جیسا کہ حدیث سے ثابت ہے کہ

    حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ بُكَيْرٍ، حَدَّثَنَا اللَّيْثُ، عَنْ كَثِيرِ بْنِ فَرْقَدٍ، عَنْ نَافِعٍ، أَنَّ ابْنَ عُمَرَ، رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا أَخْبَرَهُ، قَالَ: «كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَذْبَحُ وَيَنْحَرُ بِالْمُصَلَّى۔(بخاری:5552)
    ہم سے یحییٰ بن بکیر نے بیان کیا ، کہا ہم سے لیث نے بیان کیا ، ان سے کثیر بن فرقد نے ، ان سے نافع نے اورانہیں حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے خبر دی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ( قربانی ) ذبح اور نحر عید گاہ میں کیا کرتے تھے ۔

    اوراسی طرح ایک اور حدیث میں ہے کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک عظیم ترین دنوں میں سے دس ذی الحج اور پھر اس کے بعد اگلا دن یعنی گیارہ ذی الحج ہے۔ جیسا کہ حدیث مبارکہ ہے

    عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ قُرْطٍ عَنْ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ إِنَّ أَعْظَمَ الْأَيَّامِ عِنْدَ اللَّهِ تَبَارَكَ وَتَعَالَى يَوْمُ النَّحْرِ ثُمَّ يَوْمُ الْقَرِّ قَالَ عِيسَى قَالَ ثَوْرٌ وَهُوَ الْيَوْمُ الثَّانِي ۔(ابوداؤد:1765)
    سیدنا عبداللہ بن قرط رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” اللہ تبارک و تعالیٰ کے ہاں سب سے بڑھ کر عظمت والا دن یوم النحر ( دس ذوالحجہ ) اس کے بعد یوم القر ( ۱۱ ذوالحجہ ) ہے ۔

    لہٰذا دس ذوالحجہ کے دن قربانی کرنا افضل ہے کیونکہ دس ذوالحجہ کا دن عشرہ ذوالحجہ میں شامل اور اللہ تعالیٰ کے نزدیک تمام دنوں سے عظیم ترین دن ہے۔ اسی دن کے جملہ اعمال صالحہ سمیت قربانی کرنا بھی اس دن سب سے افضل ہے۔

    واللہ اعلم بالصواب

ایک جواب چھوڑیں