کالے جادو کا علاج

سوال

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

سوال:

مجھے ایسا لگتا ہے کہ کسی نے مجھ پہ لکالا جادو کیا ہے اگر یہ بات صحیح ہے تو مجھے اس کے لئے کیا پڑھنا چاہیے اور کیا عمل بہتر ہے؟

438 مناظر 0

جواب ( 1 )

  1. جواب:

    بہن یہ جادو سے بچاؤ کے لیے کچھ احتیاطی تدابیرہیں آپ ان پہ عمل کریں رب کریم آپ کو صحت عطا فرمائے۔
    دین اسلام نے اس جادو اور ان جادوگروں سے بچنےکا ایک بہترین حل دیا ہے۔ وہ حل اور طریقہ کا ر یہ ہے کہ سورۃ البقرۃ کی تلاوت کی جائے ، آیت الکرسی کی تلاوت کی جائے ہر نماز کے بعد، اسی طرح ہر نماز کے بعد معوذات پڑھی جائیں۔ رات کو سوتے وقت دونوں ہاتھوں کو جمع کرکے پھونک مار کر آخری تینوں سورتیں پڑھ کر پورے بدن پر پھیریں ، یہ عمل تین بارکریں، دونوں ہتھیلیاں پہلے جمع کریں ، ان میں پھونک ماریں ، پھونک مارنے کےبعد تینوں آخری سورتیں پڑھیں اور سارے بدن پر پھیر لیں۔ تیسری بار پھر اسی طرح کریں۔ یہ عمل کل تین مرتبہ کیاجائے گا۔ [ صحیح بخاري کتاب فضائل القرآن باب فضل المعوذات (5018) ]
    اسی طرح صبح شام کے اذکار کریں۔
    اور نبی کریم ﷺ فرماتے ہیں کہ جو بندہ صبح کو سو مرتبہ پڑھ لے ” لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ لَهُ الْمُلْكُ وَلَهُ الْحَمْدُ يُحْيِي وَيُمِيتُ وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ ” تو اس بندے پر جادو، جنات اور شیاطین کا شام تک کوئی اثر نہیں ہوتا۔ [جامع الترمذي ابواب الدعوات باب ما جاء في فضل التسبیح والتکبیر والتہلیل (3468) ]
    اسی طرح ایک جن نبی کریم ﷺ کے پاس آگ لے کر آیا جلانے کےلیے، تو رسول اللہ ﷺ نے یہ دعا پڑھی : ” أَعُوذُ بِكَلِمَاتِ اللَّهِ التَّامَّاتِ الَّتِي لَا يُجَاوِزُهُنَّ بَرٌّ وَلَا فَاجِرٌ مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ وَذَرَأَ وَبَرَأَ وَمِنْ شَرِّ مَا يَنْزِلُ مِنْ السَّمَاءِ وَمِنْ شَرِّ مَا يَعْرُجُ فِيهَا وَمِنْ شَرِّ مَا ذَرَأَ فِي الْأَرْضِ وَمِنْ شَرِّ مَا يَخْرُجُ مِنْهَا وَمِنْ شَرِّ فِتَنِ اللَّيْلِ وَالنَّهَارِ وَمِنْ شَرِّ كُلِّ طَارِقٍ إِلَّا طَارِقًا يَطْرُقُ بِخَيْرٍ يَا رَحْمَنُ ” تو اسکی آگ بجھ گئی ۔ [ مسند احمد 3/419 (15035) , مسند ابی یعلى 12/238]
    اسی طرح اور بھی کئی وظائف اور طریقہ کار ہیں ۔وہ قرآن مجید کی تلاوت کو سن کر بھاگتے ہیں۔یہ جائز اور شرعی طریقہ اور علاج ہے جنات کو بھگانے کےلیے ، جادو کو توڑنے کےلیے۔نبی کریم ﷺ فرماتے ہیں: اگر کوئی شخص عجوہ کھجوریں سات عدد نہار منہ کھالے تو اس دن زہر اور جادو اس بندے پر اثر نہیں کرتا [ صحیح بخاری کتاب الأطعمۃ باب العجوۃ (5445) ]۔
    معلوم ہوا کہ میڈیکلی ، طبی طور پر بھی جادو کا علاج ہوسکتا ہے۔ طبی طور پھر بھی جادو کا علاج ہوتا ہے اور قرآن مجید کی تلاوت کے ساتھ بھی جادو کا علاج ہوتا ہے۔ جس پر جادو ہوجائے وہ سورۃ بقرہ کی گھر میں تلاوت کرے۔ روزانہ ایک مرتبہ پوری سورہ بقرہ پڑھے۔ گھر میں سے ہر قسم کی جاندار کی تصویر کو ختم کردے۔ میوزک کی آواز نہ آئے گھر میں، گانے بجانے کی۔ گھر میں نمازوں کا اہتمام ہو، خواتین پردہ کریں۔ اور اللہ تعالیٰ کے احکامات کے تابع اور فرمانبردار ہوجائیں۔ اور جو طریقہ کار نبی کریمﷺ نے دیا ہے وہ اپنا لیں۔ جادو ختم ہوجائے گا۔ ہوسکتا ہے وقت تھوڑا سا طویل ہوجائے۔ مہینہ، دو مہینے، چھ مہینے ، سال تک چلتا رہے۔ ممکن ہے ، لیکن جوایک بہت بڑا زور ہے وہ ٹوٹ جائے گا۔ لیکن یہ آزمائش ہے اللہ سبحانہ وتعالیٰ کی طرف سے۔
    واللہ اعلم بالصواب

ایک جواب چھوڑیں