صدقہ کی دعا اور بہترین صدقہ

سوال

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

سوال:

بہن نے سوال کیا ہے کہ صدقہ کرنے کی کیا دعا ہے؟ اور بہترین صدقہ کیا ہوتا ہے؟

1465 مناظر 0

جواب ( 1 )

  1. جواب:

    بہن! صدقہ کرنے کی کوئی مخصوص دعا میرے علم میں نہیں ہے۔ لہٰذا صدقہ کرتے وقت بس نیت خالص رضائے الٰہی کی ہونی چاہیے۔ صدقہ دائیں ہاتھ کے ساتھ رب تعالیٰ کا نام لے کر دینا چاہیے۔ باقی جو آپ کا سوال ہے کہ سب سے بہتر صدقہ کیا ہے؟ تو اس حوالے سے آپ جان لیں کہ بعض صورتوں میں ذبیحہ صدقہ کی بہترین صورت ہوتی ہے جیسا کہ کتاب وسنت میں کھانا کھلانے کی بہت زیادہ فضیلت وارد ہوئی ہے اور مصائب ومشکلات اور بیماریوں کی دوا کے طور پر صدقہ کا حکم دیا گیا ہے۔ جیسا کہ ایک روایت کے الفاظ ہیں:

    داووا مرضاكم بالصدقة۔(السنن الکبریٰ للبیہقی:3 /382)
    اپنے مریضوں کی دوا صدقہ سے کرو۔

    بعض صورتوں میں یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ ذبیحہ کی بجائے متعلقہ فرد کی ضرورت کی چیز اسے مہیا کرنا بہترین صدقہ ہے۔ جیسا کہ ایک روایت میں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے پانی پلانے کو بہترین صدقہ قرار دیا کیونکہ حجاز میں پانی کی قلت تھی۔ حضرت سعد بن عبادۃ رضی اللہ عنہ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا کہ کون سا صدقہ افضل ہے؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جواب دیا:

    سقي الماء۔( نسائی: 3664)
    پانی پلانا۔

    پس جب لوگوں کے لیے دو وقت کی روٹی میسر نہ ہو تو بہترین صدقہ کھانا کھلانا یا ذبیحہ ہے کہ جس میں صدقہ اور کھانا کھلانے کے علاوہ تقرب الی اللہ کی نیت بھی کی جا سکتی ہے۔ اور اگر متعلقہ شخص کی ضرورت کھانے کے علاوہ ہو جیسا کہ پانی یا علاج معالجہ یا دینی تعلیم وغیرہ تو اپنے صدقہ سے اس کی اس ضرورت کو پورا کرنا بہترین صدقہ ہو گا۔

    واللہ اعلم باالصواب

ایک جواب چھوڑیں