خواتین اعتکاف کہاں کریں

سوال

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

سوال:

ایک عورت رمضان المبارک میں اعتکاف کرنا چاہتی ہے تو کیا وہ گھر میں اعتکاف کرے یا مسجد میں؟ اگر مسجد میں اعتکاف کی اجازت نہ ملے تو کیا وہ گھر میں اعتکاف کرسکتی ہے؟

481 مناظر 0

جواب ( 1 )

  1. جواب:

    بہن! عورت ہو یا مرد، دونوں کےلیے یہی حکم ہے کہ وہ مسجد میں ہی اعتکاف کریں، اگر کسی عورت کو مسجد میں اعتکاف کرنے کی اجازت نہیں ملتی، تو پھر اسے اعتکاف نہیں کرنا چاہیے۔ کیونکہ مسجد کے علاوہ کسی جگہ اعتکاف کرنا ثابت نہیں ہے۔ اور بعض علماء نے خواتین کا گھروں میں اعتکاف کرنے کو بدعت کہا ہے۔ خواتین کےلیے مسجد میں اعتکاف کے حوالے سے جمہورعلماء کرام کا کہنا ہے مرد کی طرح عورت کا اعتکاف بھی مسجد کے علاوہ کسی جگہ صحیح نہیں، جس کی دلیل قرآن پاک کی یہ آیت ہے

    وَلَا تُبَاشِرُوهُنَّ وَأَنتُمْ عَاكِفُونَ فِي الْمَسَاجِدِ۔ (سورۃ القبرۃ:187)
    اورعورتوں سے اس وقت مباشرت نہ کرو جب تم مسجد میں اعتکاف کی حالت میں ہو۔

    اوراس لیے بھی کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات رضی اللہ تعالی عنہن نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے مسجد میں اعتکاف کرنے کی اجازت طلب کی تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے انہيں اجازت دے دی، اورنبی صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد بھی وہ مسجد میں ہی اعتکاف کیا کرتی تھیں۔ اوراگر عورت کا اپنے گھر میں اعتکاف کرنا جائز ہوتا تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم ان کی راہنمائی فرماتے کیونکہ مسجد میں جانے سے ان کے اپنے گھرمیں پردہ زيادہ ہے، اس کے باوجود آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد میں ہی اعتکاف کی اجازت دی ۔

    امام نووی رحمہ اللہ تعالی اپنی کتاب کہتے ہيں :

    عورت اورمرد کا مسجد کے بغیر اعتکاف صحیح نہیں، نہ توعورت کا گھرکی مسجد میں اورنہ ہی مرد کا اپنی گھرمیں نمازوالی جگہ پر اعتکاف کرنا صحیح ہے، یعنی اس جگہ جو گھر کے ایک کونے میں نماز کے لیے تیار کی گئی ہو اسے گھرکی مسجد کہا جاتا ہے۔ ( المجموع: 6 / 505)

    لہٰذا خواتین کو بھی مسجد میں اعتکاف کرنا چاہیے، لیکن اگر اجازت نہیں ملتی تو پھر وہ اعتکاف نہ کریں۔ ان شاءاللہ رب تعالیٰ ان کو اس کاوش وکوشش وخواہش پر اعتکاف کا ثواب عنایت فرما دیں گے۔

    واللہ اعلم بالصواب

ایک جواب چھوڑیں