جب ہم جماعت کے درمیاں میں شامل ہوں تو؟

سوال

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

سوال:

بہن نے سوال کیا ہے کہ جب کوئی نماز باجماعت سے ایک یا دو رکعات پیچھے رہ جائے، تو پھر وہ اپنی نماز کیسے مکمل کرے؟

374 مناظر 0

جواب ( 1 )

  1. جواب:
    بہن! جب جماعت کھڑی ہو چکی ہوتو سکون کے ساتھ آئیں اور تکبیر تحریمہ کہہ کر جماعت کے ساتھ شامل ہو جائیں ۔ اور جتنی رکعات امام کے ساتھ مل جائیں وہ ادا کریں اور جتنی رکعات گزر چکی ہوں امام کے سلام پھیرنے کے بعد انہیں پورا کر لیں۔ جس رکعت میں بھی امام کے ساتھ شامل ہونگے وہ اس مقتدی کی پہلی رکعت شمار ہو گی۔ اس کے بعد والی دوسری، اس کے بعد والی تیسری اور اس کے بعد والی چوتھی۔

    اگرامام رکوع کی حالت میں ہے تو آپ تکبیر تحریمہ کہہ کر رفع الیدین کریں اور پھر رکوع میں جانے کے لیے دوبارہ تکبیر کہیں اور رفع الیدین کرکے رکوع میں مل جائیں۔ اور اگر امام سجدہ کی حالت میں ہے تو تکبیر تحریمہ کہہ کر رفع الیدین کرنےکے بعد دوبارہ تکبیر کہیں اور سجدہ میں چلے جائیں۔ یاد رہے کہ اگر امام حالت قیام میں نہیں تو تکبیر تحریمہ کے بعد ہاتھ نہیں باندھیں گے۔ بلکہ اس رکن میں شامل ہو جائیں گے جس میں امام ہے۔ جب آپ اپنی دو رکعتیں مکمل کرکے اٹھیں گے اور تیسری رکعت کے لیے کھڑے ہونگے تب رفع الیدین کریں گے۔ چاہے وہ امام کی چوتھی رکعت ہی کیوں نہ ہو۔

    اسی طرح تورک اس رکعت میں کریں گے جس میں آپ نے سلام پھیرنا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:

    إِذَا سَمِعْتُمُ الإِقَامَةَ، فَامْشُوا إِلَى الصَّلاَةِ وَعَلَيْكُمْ بِالسَّكِينَةِ وَالوَقَارِ، وَلاَ تُسْرِعُوا، فَمَا أَدْرَكْتُمْ فَصَلُّوا، وَمَا فَاتَكُمْ فَأَتِمُّوا۔(بخاری: 636)
    جب تم اقامت سنو، تو سکون اور وقار کے ساتھ چل کر نماز کی طرف آؤ،اور دوڑو نہیں، تو جتنی (نماز) تمہیں (امام کےساتھ) ملتی ہے پڑھ لو اور جتنی (رکعت) رہ جائے اسے پورا کر لو۔

    اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ امام کو جس حالت میں بھی پاؤ اسی حالت میں امام کے ساتھ مل جاؤ اور نماز ادا کرنا شروع کر دو، اور جو نماز رہ جائے اسے بعد میں پورا کر لو۔ اسی مفہوم کی ایک روایت یہ بھی ہے:

    إِذَا أَتَى أَحَدُكُمُ الصَّلَاةَ وَالإِمَامُ عَلَى حَالٍ فَلْيَصْنَعْ كَمَا يَصْنَعُ الإِمَامُ۔(ترمذی: 591)
    جب تم میں سے کوئی نماز کے لیے آئے اور امام کسی بھی حالت میں ہو تو وہ ویسا ہی کرے جس طرح امام کر رہا ہے۔

    واللہ اعلم بالصواب

ایک جواب چھوڑیں