کیا خواب میں نبی کریم کی زیارت ہوسکتی ہے

سوال

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

سوال:

بہن نے سوال کیا ہے کہ کوئی دینی تعلیم رکھنے والا نمازی پرہیزگاری یہ کہتا ہے کہ اس کی خواب میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ملاقات ہوئی ہے یا اس نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا ہے تو کیا ہم اعتبار کرلیں؟ کیونکہ اس نے اپنی آنکھوں سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا تو ہوا نہیں جو وہ پہنچان سکے؟

293 مناظر 0

جواب ( 1 )

  1. جواب:
    بہن! محدث العصرشیخ زبیرعلی زئی رحمہ اللہ سے جب اسی طرح ایک سوال ہوا تھا تو شیخ رحمہ اللہ کا جواب تھا کہ عالَم خواب اور نیند میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا دیدار ہونا تو بالکل صحیح اور برحق ہے، بشرطیکہ دیدار کا دعویٰ کرنے والا ثقہ اور اہل حق میں سے ہو، اس نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو آپ کی صورت مبارکہ پر ہی دیکھا ہو اور یہ خواب دلائل شرعیہ کے خلاف نہ ہو۔

    لہٰذا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھا جا سکتا ہے بشرطیکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی صورت پر دیکھا جائے۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے آپ صلی اللہ عیہ وسلم کو خواب میں جو دیکھا تو یہ بالکل صحیح ہے وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی صورت مبارک پہچانتے تھے۔ ان کے بعد جو بھی دیکھنے کا دعویٰ کرے گا تو اگر اس کا عقیدہ صحیح ہے تو پھر اس کے خواب کو قرآن وحدیث وفہم سلف صالحین پر پیش کیا جائے گا، ورنہ ایسے خوابوں سے دوسرے لوگوں پر حجت قائم کرنا صحیح نہیں ہے۔

    باقی یہ بات بالکل صحیح ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شکل مبارک میں شیطان لعین ہرگز نہیں آ سکتا مگر کسی حدیث میں یہ نہیں آیا کہ شیطان جھوٹ نہیں بول سکتا اور کسی دوسری شکل میں آ کر کذب بیانی سے اسے کسی مؤمن اور صالح شخص کی طرف منسوب نہیں کر سکتا؟۔ (شیخ کا جواب ختم)

    درست بات یہی ہے کہ اگرکوئی صالح، باعمل اور درست عقیدہ کا حامل شخص یہ کہتا ہے کہ ا س نے خواب میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کی ہے تو نہ اس کی بات جھٹلائی جائے گی اور نہ ہی اس کی بات کی تصدیق کی جائے گی۔ باقی زیارت کو ایمان، تقویٰ، پرہیزگاری وغیرہ کی دلیل نہیں بنانا چاہیے۔ اصل چیز توآنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کی پیروی ہے، جو اتباع سنت کا اہتمام کرتا ہو، وہ ان شاء اللہ مقبول ہے، اور جو شخص سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے منحرف ہو وہ مردود ہے۔

    واللہ اعلم بالصواب

ایک جواب چھوڑیں