جس کو موت سے ڈر لگتا ہو وہ کیا کرے؟

سوال

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

سوال:
بہن نے سوال کیا ہے کہ مجھے موت سے بہت ڈر لگتا ہے۔ میں کیا کروں؟

781 مناظر 0

جواب ( 1 )

  1. جواب:
    بہن! ایسا انسان خوش قسمت ہے کہ جس کو موت کی یاد آتی رہتی ہے، اور وہ اس سوچ میں رہتا ہے کہ آخر اس نے مرنا ہے اور اپنی زندگی کا رب تعالیٰ کو حساب دینا ہے۔ کیونکہ موت کو بھلا دینا یا موت سے غافل ہوجانا بہت بڑا شیطانی دھوکہ ہے۔ اور پھر موت تو ایسی حقیقت ہے کہ جس کا ذائقہ ہر جاندار نے چکھنا ہے۔ جس کی حقیقت کو کسی بھی طرح جھٹلایا نہیں جاسکتا۔ اور نہ آج تک کسی مسلمان اور کافر نے اس حقیقت کو جھٹلایا ہے۔ خود اللہ تبارک وتعالیٰ نے ارشاد فرمایا

    كُلُّ نَفْسٍ ذَائِقَةُ الْمَوْتِ۔ ( آل عمران : 185)
    ہر جان نے موت کا ذائقہ چکھنا ہے۔

    موت کے حوالے سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا

    عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «أَكْثِرُوا ذِكْرَ هَاذِمِ اللَّذَّاتِ» يَعْنِي الْمَوْتَ۔ (ترمذی:2307)
    ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’ لذتوں کو توڑنے والی (یعنی موت) کو کثرت سے یادکیا کرو۔

    موت کو کثرت سے یاد کرتے رہنا مؤمن بندے کی علامت ہے۔ اور حدیث میں آتا ہے

    عَنْ عُبَادَةَ بْنِ الصَّامِتِ عَنْ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ مَنْ أَحَبَّ لِقَاءَ اللَّهِ أَحَبَّ اللَّهُ لِقَاءَهُ وَمَنْ كَرِهَ لِقَاءَ اللَّهِ كَرِهَ اللَّهُ لِقَاءَهُ۔(ترمذی:1066)
    عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’ جو اللہ سے ملناچاہتاہے اللہ بھی اس سے ملنا چاہتاہے اور جو اللہ سے ملنے کوناپسند کرتاہو اللہ بھی اس سے ملنے کو ناپسند کرتاہے۔

    باقی جس انسان کےلیے جتنی اللہ تعالیٰ نے زندگی لکھی ہے، اس نے ہر حال میں اسے گزارنا ہی ہے۔ اس لیے ہمیں موت کی حقیقت کو تسلیم کرکے ہر وقت موت کی تیاری میں رہنا چاہیے۔ اور ایسے اعمال کرنے چاہیے کہ جس سے ہمارا رب راضی ہوکر ہمیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام دے۔ آمین۔ اور میری دعا ہے کہ جیسے ہم سب یہاں اس گروپ میں جمع ہیں اسی طرح اللہ تعالیٰ ہم سب کو جنت الفردوس میں بھی جمع فرمائے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین

    واللہ اعلم بالصواب

ایک جواب چھوڑیں