برے شخص کی نحوست کے ڈر سے اس سے الگ ہوجانا

سوال

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

سوال:

بہن نے سوال کیا ہے کہ اگر کوئی شخص برا ہو، بدکارہو اور وہ کسی نیک انسان کے ساتھ بیٹھتا ہو، اگر نیک انسان پر کوئی مصیبت آجائے تو اس نیک انسان کا برے شخص سے نحوست لےکر اس سے علیحدگی اختیار کرلینا درست ہے؟

866 مناظر 0

جواب ( 1 )

  1. جواب:

    بہن حدیث میں آتا ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا،

    لاَ شُؤْمَ وَقَدْ يَكُونُ الْيُمْنُ فِى ثَلاَثَةٍ فِى الْمَرْأَةِ وَالْفَرَسِ وَالدَّارِ ۔(سنن ابن ماجہ:1993،سلسلۃ الاحادیث الصحیحۃ :1930)
    نحوست کچھ نہیں ہے۔ اور برکت (بسا اوقات) تین چیزوں میں ہوتی ہے : عورت، گھوڑے اور مکان میں۔

    اس حدیث سے تین باتیں سمجھ آتی ہیں

    1۔ نحوست سے مراد کسی چیز کے بارے میں یہ تصور کرنا ہے کہ اس سے فائدہ حاصل نہیں ہو سکتا۔ بلکہ صرف اور صرف نقصان کا اندیشہ ہے۔ یا یہ نقصان اس کی وجہ سے ہوا ہے۔ بہت سے لوگوں سے اس طرح کے اقوال شنیع سننے میں ملتے رہتے ہیں کہ جب سے اس عورت سے شادی کی ہے کاروبار میں نقصان ہو رہا ہے۔ یا جب سے یہ گھر خریدا ہے مصیبتوں اور بیماریوں کا ہی تانتا بندھا ہوا ہے۔ یا جب سے فلاں بدکار شخص سے دوستی یا تعلق ہوا ہے تو نقصان ہی نقصان پہنچ رہا ہے۔ اسلا م نے اس تصور کی سرے سے نفی کی ہے۔
    2۔ اللہ تعالیٰ کسی شخص یا چیز میں انسان کے لیے فوائد رکھ دے تو یہ برکت اور اللہ کی رحمت ہے۔
    3۔ نحوست یا برکت سے مراد کسی چیز یا شخص سے حاصل ہونے والی تکلیف یا راحت بھی ہوسکتی ہے۔ مثلاً عورت اگر نیک سیرت، اطاعت گزار اور تمیز والی ہو تو یہ رحمت اور برکت ہے۔ اگر بدزبان، نافرمان اور بدسلیقہ ہو تو نحوست ہے۔ اسی طرح گھوڑا اگر تندرست، تیز رفتار اور مالک کا حکم ماننے والا ہو تو یہ بابرکت ہے۔ اگر اڑیل اور ضدی ہو تو یہ مصیبت ہے۔ گھر کشادہ ہو، ہمسائے اچھے ہوں تو بابرکت ہے ورنہ تکلیف کا باعث ہے۔

    اسی طرح اس انداز سے راحت یا تکلیف کسی بھی چیز میں ہو سکتی ہے۔

    واللہ اعلم بالصواب

ایک جواب چھوڑیں