سیونگ انشورنس کی شرعی حیثیت

سوال

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

سوال:

بہن نے پوچھا ہے کہ اس کے خاوند نے آج ہی لائف انشورنس کی سیونگ پالیسی لی ہے، جو کہ لائف انشورنس نہیں ہے۔ مدت ختم ہونے پر اصل رقم کے ساتھ پرافٹ ملے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ امام کعبہ اور سعودی شوریٰ نے اس کو جائز قرار دیا ہے۔ اور وہ ان کے فتاویٰ دکھانے کو بھی تیار ہیں۔ یاد رہے یہ لائف انشورنس نہیں ہے، بلکہ سیونگ انشورنس ہے۔ برائے مہربانی آپ بتا دیں کہ کیا یہ جائز ہے؟ اگر اصل سیونگ رقم واپس لے کر پرافٹ ڈونیٹ کردیں تو کیا یہ صحیح ہوگا؟

382 مناظر 0

جواب ( 1 )

  1. جواب:

    بہن! پہلی بات اگر تو اس کی قسم کمیٹی کی طرح ہے، جس میں ایسا ہوتا ہے کہ ممبران مل کر پیسے جمع کرتے ہیں، اور وہ کسی ایک ممبر کو دے دیے جاتے ہیں۔اسی طرح باری باری تمام کمیٹی ممبران کو رقم ملتی رہتی ہے۔ جب کمیٹی ختم ہوتی ہے تو پھر سب ممبران کو پوری کی پوری رقم مل چکی ہوتی ہے۔ تو یہ جائز ہے، کوئی قباحت نہیں ہے۔

    دوسری بات اگر یہ سیونگ انشورنس کی یہی کمیٹی والی صورت ہے، بس فرق صرف اتنا ہے کہ کمیٹی کی صورت میں پیسے سے کاروبار نہیں کیا جاتا، لیکن یہاں کاروبار کیا جارہا ہے۔ تو اگر یہ کاروبار کمپنی ممبران کی اجازت کے ساتھ ، جائز کاروبار کرتی ہے۔ اور پھر ڈاکومنٹس وغیرہ پر ممبران اور کمپنی کے مابین یہ طے ہوتا ہے کہ نفع ونقصان دونوں صورتوں میں کمپنی اور ممبر برابر کےشریک ہونگے۔ اور کوئی ایسی شق بھی شامل نہیں ہوتی، جو خلاف شرع ہو، تو اس صورت میں بھی یہ جائز ہے۔

    تیسری بات کمیٹی کی طرح پیسے جمع کیے جاتے ہیں، پھر اس پیسے کو کمپنی اپنی مرضی سے انویسٹ کرتی ہے، جس کا ممبران کو علم نہیں ہوتا کہ ان کا پیسہ کہاں استعمال ہورہا ہے؟۔ اور ایک طے شدہ منافع ممبر کے نام کرتی جاتی ہے۔ جو کہ آخر میں ممبر کو مل جاتا ہے۔ تو یہ جائز نہیں ہے۔ کیونکہ اس میں دھوکہ، غرر اور پھر برے کاموں میں تعاون کا خدشہ ہے۔

    باقی جہاں تک ڈونیٹ کرنے کی بات ہے تو میری بہن ڈونیٹ تو پاکیزہ مال کیا جاتا ہے۔ مگریہ مال تو پاک نہیں۔ لٰہذا آپ ڈونیٹ بھی نہیں کرسکتے۔

    نوٹ:
    کمپنی بارے مزید تفصیلات معلوم کریں، اور جید وصحیح العقیدہ معروف علماء کے فتاویٰ اگر ہیں تو ان سے لیں، یا پھر مکمل تفصیل جان کر علماء سے پوچھیں۔ کیونکہ جب تک مکمل تفصیلات سامنے نہ ہوں، تب تک درست جواب سامنے نہیں آسکتا ہوتا۔

    واللہ اعلم بالصواب

ایک جواب چھوڑیں