حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین … روزے کا فدیہ یا قضا

سوال

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

سوال:

بہن نے سوال کیا ہے کہ آپ نے سوال کا جواب دیا تھا کہ حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین فدیہ دیں گی، لیکن کئی علماء کہتے ہیں کہ وہ قضا دے گی؟ تو درست مؤقف کیا ہے؟

415 مناظر 0

جواب ( 1 )

  1. جواب:

    بہن! اللہ رب العزت کا یہ احسان عظیم ہے کہ اس نے اپنے بندوں کے لیے آسان ترین دین کا انتخاب کیا ہے اور ان کو رخصتوں سے نوازا ہے۔ حاملہ عورت اور بچے کو دودھ پلانے والی عورت کو یہ رخصت عنائت فرمائی ہے کہ کہ اگر وہ اپنی جسمانی کمزوری یا اپنے بچے کی کمزوری یا دودھ میں نقصان کا خدشہ محسوس کریں تو روزہ نہ رکھے، بلکہ ہر روزے کے بدلے میں ایک مسکین کو کھانا کھلادے۔ اس پر قضاء بھی نہیں ہے،
    جیسا کہ سیدنا انس بن مالک الکبعی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:

    أ غارت علینا خیل رسول اللہ ﷺ فاتیت رسول اللہ صلي الله عليه وسلم، فو جد تّہ یتغدّی، فقال : ادن ، فکل ، فقلت: انّی صائم ، فقال: ادن أحدّثک عن الصّوم أوالصّیام، انّ اللہ تعالیٰ وضع عن المسافر الصّوم وشطر الصّلاۃ، وعن الحامل أو المرضع الصّوم أالصّیام، واللہ !لقد قالھما النّبیّ صلي الله عليه وسلم کلتیھما أو احد اھما، فیالھف نفسی أب کا أکون طعمت من طعام النّبیّ صلي الله عليه وسلم۔ ( سنن ابی داؤ د: ۲۴۰۸، سنن النسائی۲۲۷۹، سنن الترمزی:۷۱۵، واللفظ لہ، سنن ابن ماجہ:۱۶۶۷، حسن)
    ہم پر اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے گھوڑے چڑھ آئے تو میں آپ کی خدمت میں حاضر ہوا، آپ دوپہر کا کھانا کھارہے تھے ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، قریب ہو اور کھا، میں نے عرض کی، میں روزے دار ہوں ، فرمایا ، قریب ہو جا کہ میں تجھے روزے یا روزوں کے بارے میں بتاؤں ، یقیناََ اللہ تعالیٰ نے مسافر کو روزہ اور آدھی نماز معاف کردی ہے، نیز حاملہ اور دودھ پلانے والی عورت کو بھی روزہ یا روزے معاف کریئے ہیں ، اللہ کی قسم ! نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ دونوں کلمات (روزہ یا روزے) کہے یا ان دونوں میں سے ایک کہا ، افسوس کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا کھانا نہ کھایا!۔

    اس حدیث کو امام ترمذی رحمہ اللہ نے ’حسن‘ اور امام ابن خزیمہ رحمہ اللہ نے’صحیح‘ کہا ہے۔

    سیدنا عبداللہ بن عمررضی اللہ عنہ سے ایسی حاملہ عورت کے بارے میں پوچھا گیا جسے اپنے بچے کے نقصان کا خطرہ ہو، آپ نے فرمایا ، وہ روزہ چھوڑدے ، اس کے بدلے میں ایک مسکین کو ایک ’مد‘(تقریباََ نصف کلوگرام) گندم دے دے ۔ (السنن الکبرٰی للبیھقی : ۲۳۰/۴، وسندۂ صحیح )

    سیدنا عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے ایک حاملہ عورت نے روزے کے بارے میں پوچھا تو آپ نے فرمایا:

    أفطری، أطعمی عن کل یوم مسکیناً ولا تقضی۔(سنن الدار قطنی : ۲۰۷/۱، ح : ۲۳۶۳، وسندۂ صحیح)
    تو روزہ چھوڑدے اور ہر دن کے بدلے میں ایک مسکین کو کھا نا کھلا دے ، پھر قضائی نہ دے۔

    نافع بیان کرتے ہیں کہ سیدنا عبد اللہ بن عمر ؓ کی ایک بیٹی ایک قریشی کے نکاح میں تھی ، وہ حاملہ تھی، رمضان میں اس نے پیاس محسوس کی تو آپ نے اس کو حکم دیا کہ روزہ چھوڑدے ، ہر روزے کے بدلے میں ایک مسکین کو کھانا کھلادے۔ (سنن الدار قطنی : ۲۰۷/۱، ح:۲۳۶۴، وسندۂ صحیح)

    سیدناعبد اللہ بن عباس ؓ فرمان، باری تعالیٰ(وَعَلَى الَّذِينَ يُطِيقُونَهُ فِدْيَةٌ طَعَامُ مِسْكِينٍ) (البقرۃ:۱۸۴) کی تفسیر میں فرماتے ہیں (اثبتت للحبلی والمرضع ) یہ آیت حاملہ اور دودھ پلانے والی عورت کے لیے ثابت (غیر منسوخ ) رکھ گئی ہے۔(سنن ابی داؤد : ۳۲۱۷، وسندۂصحیح)

    عظیم تابعی سعید بن جبیر رحمہ اللہ حاملہ اور بچے کو دودھ پلانے والی عوت جو اپنے بچے کے حوالے سے خائف ہو، کے بارے میں فرماتے ہیں کہ یہ دونوں روزہ نہ رکھیں ، ہر روزے کے بدلے میں ایک مسکین کو کھانا کھلادیں ، چھوڑے ہوئے روزے کی قضائی بھی ان دونوں پر نہیں ہے۔ (مصنف عبد الرزاق: ۲۱۶/۴، ح ۷۵۵۵، وسندۂ صحیح )

    بعض اہل علم کا یہ کہنا کہ یہ دونوں روزے کی قضائی بھی دیں گی، بے دلیل ہونے کی وجہ سے ناقابل التفات ہے۔

    الحاصل:

    حاملہ اور بچے کو دودھ پلانے والی عورت دونوں روزہ نہ رکھیں، ہر روزے کے بدلے میں ایک مسکین کو کھا نا کھلادیں، ان پر کوئی قضائی نہیں۔

    واللہ اعلم بالصواب

ایک جواب چھوڑیں